راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارش، ندی نالوں میں طغیانی، ہائی الرٹ، فوج طلب
تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان، ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، آئندہ 48 گھنٹے میں مزید بارش متوقع
اسلام آباد(اے پی پی) راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش سے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہائی الرٹ اور فوج طلب کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق رات پانچ بج کر 20 منٹ پر شروع ہونیوالی تیز آندھی اور بارش نے بارش سے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث کئی گھنٹوں تک بجلی بند ہو گئی۔ راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بلند ہو گیا، ریسکیو کی ٹیمیں الرٹ اور مختلف علاقوں میں پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ راولپنڈی کی مری روڈ، کمیٹی چوک، رحمان آباد سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، کئی مقامات پر گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کی کچی آبادیوں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

