پنجاب میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر کا نوٹس لیا جائے، چیف جسٹس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ان دنوں پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک وکیل نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ملازمین کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھایا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، ان کے بچے سکولوں سے نکالے جا رہے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کارپوریشن کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک سے جواب طلب کیا ہے کہ کارپوریشن ملازمین کو کس وجہ سے تنخواہیں نہیں مل رہیں، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹیں کیوں ڈالی جا رہی ہیں؟ عدالت کا کہنا تھا کہ ملازمین کے گھروں کے چولہے جلانا حکومت کی ذمہ داری ہے، عوام کو اس طرح پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
